چھپروں کے خاتمے پر تاجروں کا احتجاج، ریلیف کا مطالبہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر/ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سرگودھا حافظ شوکت علی کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کے عملہ کی جانب سے دھوپ اور بارش سے بچاؤ کے لیے دکانوں کے اوپر لگے چھپر اتارنے سے خریداروں اور دکانداروں کے مسائل میں اضافہ ہو گیا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ یہ چھپر ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ نہیں بنتے جبکہ ان سے سامان اور خریدار دھوپ اور بارش سے محفوظ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر رہنما صرف انتظامیہ کی خوشامد میں مصروف ہیں اور انہیں دکانداروں کے مسائل کی کوئی فکر نہیں۔دکانداروں کے مطابق انتظامیہ اور دیگر محکمے جب چاہیں کارروائی کر دیتے ہیں، جس سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے ارباب اختیار سے اس سلسلے میں مربوط حکمت عملی اپنانے اور تاجروں کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔