کندیاں میں کٹکتے بجلی کے تار خطرہ ، شہریوں کا نوٹس کا مطالبہ

کندیاں میں کٹکتے بجلی کے تار خطرہ ، شہریوں کا نوٹس کا مطالبہ

کندیاں میں کٹکتے بجلی کے تار خطرہ ، شہریوں کا نوٹس کا مطالبہ واپڈا اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث بجلی کا سپلائی سسٹم زبوں حالی کا شکار

کندیاں (نمائندہ دنیا) کندیاں شہر بھر میں لٹکتی بجلی کی تاریں شہریوں کے سروں پر موت کے سائے کی طرح منڈلانے لگیں، جس پر شہریوں نے فیسکو حکام سے بجلی کی ترسیل کے نظام کو موثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کندیاں شہر اور اس کے مضافات میں واپڈا اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث بجلی کا سپلائی سسٹم زبوں حالی کا شکار ہو چکا ہے ۔ گلیوں، محلوں، بازاروں، چوکوں اور چوراہوں پر جھولتے تاروں نے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ۔بارش اور تیز آندھی کے دوران ان تاروں کا ٹوٹ کر گھروں کی چھتوں اور گلیوں میں گرنا معمول بن چکا ہے ، جبکہ شہری آبادی میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے لیے ان تاروں کے نیچے سے گزرنا بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو رہا ہے ۔ جھولتی تاروں اور ان کے ٹوٹنے کے باعث کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا ہے ۔شہریوں نے متعدد بار واپڈا اہلکاروں کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی، تاہم تاحال کوئی شنوائی نہیں ہو سکی۔ علاقہ مکینوں نے ایکسئین واپڈا میانوالی سے مطالبہ کیا ہے کہ کندیاں شہر میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں