داؤدخیل :سیوریج سسٹم کی خرابی ،گلیاں تالاب بن گئیں

داؤدخیل :سیوریج سسٹم کی خرابی ،گلیاں تالاب بن گئیں

ایک ماہ قبل ٹھیکیدار نے سڑک کھود دی مگر کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہو گیاعید کے دنوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا،بارش سے حالات خراب

داؤدخیل (نمائندہ دنیا)داؤدخیل شہر میں سیوریج سسٹم کی خرابی کے باعث مختلف محلوں کی گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، جبکہ لاری اڈہ داؤدخیل روڈ پر مسجد قبا کے قریب گندا پانی جمع ہو کر جھیل کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق ایک ماہ قبل ٹھیکیدار نے نئی سیوریج لائن کے لیے سڑک کھود دی مگر کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہو گیا، جس کے باعث عید کے دنوں میں بھی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ حالیہ بارش کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی اور بند لائنوں کے باعث گندا پانی گٹروں سے ابل کر سڑکوں پر پھیل گیا ہے ۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے ، خاص طور پر خواتین، بزرگوں اور بچوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ، جبکہ مسجد آنے جانے والے نمازی بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ مذکورہ مقام پر کئی سالوں سے سیوریج کا مسئلہ برقرار ہے اور اب کھودائی کے بعد کھلے گڑھے کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔اہلِ محلہ نے ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد مگسی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر سیوریج لائن کی مرمت اور بحالی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ، کیونکہ ہر بارش کے بعد لاری اڈہ سے گزرنا محال ہو جاتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں