سیمنٹ فیکٹری کے کنٹریکٹ ملازمین مراعات سے محروم

سیمنٹ فیکٹری کے کنٹریکٹ ملازمین مراعات سے محروم

سیمنٹ فیکٹری کے کنٹریکٹ ملازمین مراعات سے محروم مزدوروں میں مالی، خاکروب اور پلانٹ کی صفائی پر مامور کارکن شامل

داؤدخیل (نمائندہ دنیا )داؤدخیل کے نواحی علاقے ٹھٹھی شریف میں نجی سیمنٹ فیکٹری کے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 65 مزدوروں نے مراعات سے محرومی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ ان مزدوروں میں مالی، خاکروب اور پلانٹ کی صفائی پر مامور کارکن شامل ہیں جو 2022ء سے یومیہ اجرت پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔مزدوروں کے مطابق انہیں مستقل ملازمین کی طرح سالانہ پانچ فیصد بونس نہیں دیا جا رہا، جبکہ انہیں صرف ای او بی آئی سوشل سکیورٹی کے تحت محدود طبی سہولت میسر ہے ۔

لیبر قوانین کے تحت انہیں ماہانہ 26 دن کی اجرت، یعنی تقریباً 40 ہزار روپے ملنے چاہئیں، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے ۔ورکرز کا کہنا ہے جنوری میں انہیں 21 دن کی تنخواہ 32 ہزار روپے ، فروری میں 20 دن کی اجرت 30 ہزار روپے جبکہ مارچ میں 23 دن کی تنخواہ 35 ہزار روپے ادا کی گئی، جو مقررہ معیار سے کم ہے ۔مزدوروں نے بتایا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں کم اجرت کے باعث گھریلو اخراجات، بچوں کی تعلیم اور بنیادی ضروریات پوری کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا انہیں بھی دیگر ملازمین کی طرح سالانہ بونس اور مکمل حقوق دئیے جائیں تاکہ ان کی معاشی مشکلات میں کمی آ سکے اور ان کی محنت کا منصفانہ اعتراف ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں