سرگودھا یونیورسٹی کے آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ کی 8پوزیشنیں
سرگودھا یونیورسٹی کے آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ کی 8پوزیشنیں طلبہ کی یہ کامیابی ان کی تخلیقی صلاحیتوں، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا کے انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ نے اسلام آباد میں منعقدہ چھٹے انٹرنیشنل سٹوڈنٹ کنونشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 نمایاں پوزیشنز حاصل کر لیں۔طلبہ کی یہ کامیابی ان کی تخلیقی صلاحیتوں، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، جو ادارے میں فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم اور مؤثر رہنمائی کی عکاسی کرتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق فائن آرٹس کے مقابلوں میں مصوری کے شعبے میں ماہ نور ضیاء لودھی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ردا عمران نے سکیچنگ میں تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ خطاطی کے مقابلے میں شمیم فاطمہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔فوٹوگرافی کی کیٹیگری میں آرکیٹیکچر کے شعبے میں حسین نے پہلی جبکہ انیقہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ہیومن کیٹیگری میں عمار نے پہلی اور زید نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ \'\'کیاؤس اینڈ کام\'\' کے موضوع پر احمد نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس نمایاں کامیابی پر طلبہ، اساتذہ اور انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کامیابیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ جامعہ طلبہ کی تخلیقی و فنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے ، جس کے باعث اس کی شناخت قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید مضبوط ہو رہی ہے ۔