بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے مالی وسائل کو شفاف انداز میں بروئے کار لایا جائے ،کمشنر سرگودھا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا حافظ شوکت علی کی زیرصدارت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کی فنانس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں بورڈ کے مالی معاملات، بجٹ تجاویز اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری بورڈ، مالیاتی افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بورڈ کے سالانہ اخراجات، آمدن، ترقیاتی سکیموں اور انتظامی امور سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ بورڈ کے مالی وسائل کو شفاف انداز میں بروئے کار لایا جائے اور تمام ترقیاتی و انتظامی منصوبوں میں میرٹ اور قواعد و ضوابط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور امتحانی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات ناگزیر ہیں۔اجلاس میں مختلف مالی و انتظامی تجاویز کی منظوری بھی دی گئی جبکہ بورڈ کے ادارہ جاتی امور کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔