ایس ڈی اوز و ریڈنگ پارٹی افسران کے درمیان اجلاس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سرگودھا کے کانفرنس روم میں بجلی چوری کے مقدمات کی مؤثر تفتیش اور مضبوط قانونی پیروی کے حوالے سے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ سرگودھا اور محکمہ بجلی (واپڈا) کے ایس ڈی اوز و ریڈنگ پارٹی افسران کے درمیان ایک اہم اور تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سرگودھاملک عامر شہزاد نے کی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں تعینات پراسیکیوٹرز بھی شریک ہوئے ۔ محکمہ بجلی کے بعض افسران نے بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں بجلی چوری کے مقدمات میں تیار کیے جانے والے چالان، رپورٹ ہائے 173 ض ف اور استغاثہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ بجلی کے افسران کی جانب سے مختلف مقدمات کی مکمل فائلیں پیش کی گئیں جنہیں باقاعدہ پڑھ کر ہر دستاویز اور ورک پر قانونی و تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ملک عامر شہزاد نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کن قانونی نقائص، شہادتوں کی کمی، تفتیشی خامیوں اور دستاویزی کمزوریوں کی وجہ سے بجلی چوری کے مقدمات عدالتوں میں کمزور پڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے مقدمات کی مضبوط تیاری، مؤثر شہادتوں کے حصول، بہتر تفتیش اور قانونی تقاضے مکمل کرنے کے حوالے سے اہم رہنمائی بھی فراہم کی۔اجلاس کے دوران واپڈا کے ایس ڈی اوز اور ریڈنگ پارٹی افسران کی جانب سے مختلف قانونی سوالات بھی کیے گئے جن کے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرملک عامر شہزاد نے مدلل اور جامع جوابات دیے ۔اجلاس کا مقصد پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ بجلی کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانا، بجلی چوری کے مقدمات میں موجود خامیوں کا تدارک کرنا اور مقدمات کی مضبوط و مؤثر پیروی کو یقینی بنانا تھا۔