کار پانی میں گر گئی ،ڈرائیور سمیت دو افراد خودباہر آگئے
میانوالی (نامہ نگار ) ایم ایم روڈ پر کندیاں موڑ کے قریب ہرنولی راجباہ میں ایک تیز رفتار کار پانی میں گر گئی ڈرائیور سمیت دو افراد اپنی مدد آپ کے تحت پانی سے باہر نکل آئے کار ریسکیو 1122 اہلکاروں نے نکال لی ۔
نہر میں کار گرنے کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم ، ایمرجینسی وہیکلز اور اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے ۔ اطلاعات کے مطابق کار کا ڈرائیور جو ایک شخص کے ہمراہ سفر کر رہا تھا گاڑی چلاتے ہوئے اونگھ آنے کی وجہ سے کنٹرول کھو بیٹھا اور کار نہر میں جا گری۔خوش قسمتی سے ڈرائیور اور دوسرا سوار \"اپنی مدد آپ\" کے تحت بروقت نہر سے بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے دونوں افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی۔ تاہم مزکورہ کار نہر میں ڈوب گئی تھی جسے نکالنے کے لیئے ریسکیو 1122 کی مدد طلب کی گئی۔ریسکیو ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر کار کو تلاش کرنے کے لیئے آپریشن شروع کیا۔ کار کے مقام کا پتہ لگانے کے بعد، ریسکیو وہیکل میں لگی الیکٹرک ونچ (Winch) کی مدد سے انتہائی احتیاط کے ساتھ کار کو باہر نکال لیا۔