بارشوں سے کالج اور سکول کی چار دیواری گر گئی
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا) حالیہ شدید بارش کے باعث گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین بھاگٹانوالہ اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھاگٹانوالہ کی چار دیواری کے مختلف حصے گر گئے۔
جس کے باعث سینکڑوں طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔اہل علاقہ اور والدین کے مطابق تعلیمی اداروں کی دیواریں گرنے سے طالبات کی پرائیویسی اور تحفظ کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں جبکہ طالبات کو مناسب ماحول میسر نہ ہونے کے باعث تعلیمی سرگرمیوں میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔ والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو ایسے حالات میں تعلیم حاصل کرنا پڑ رہی ہے۔ جو فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔شہریوں، والدین اور سماجی حلقوں نے محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرے ہوئے حصوں کی فوری تعمیر و مرمت کر کے تعلیمی اداروں کی چار دیواری کو مضبوط بنایا جائے تاکہ طالبات کو محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے ۔