جدید ٹریفک مینجمنٹ نظام کے تحت ای چالان سسٹم فعال
جدید ٹریفک مینجمنٹ نظام کے تحت ای چالان سسٹم فعال جدید سسٹم کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے افراد کا محاسبہ ہو گا
خوشاب(نمائندہ دنیا )ضلع خوشاب میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمرے فنکشنل ہونے کے بعد جدید ٹریفک مینجمنٹ نظام کے تحت ای چالان سسٹم افعال کر دیا گیا،اس جدید سسٹم کے ذریعے نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے افراد کا محاسبہ ہو گا بلکہ مسروقہ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کا سراغ بھی لگایا جا سکے گا، سیف سٹی کیمرے مصنوعی ذہانت(اے آئی)کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو خودکار نظام کے تحت ٹریس کر کے چالان کا ٹیں گے ، ای چالاننگ سسٹم کے آغاز پر ڈی پی اوخوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے ڈی ایس پی ٹریفک خوشاب، انچارج سیف سٹی خوشاب کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری مہذب معاشرے کی علامت ہے ،اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے دوران سفر احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں ، انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی موثر نگرانی کی جائے گی جبکہ شہریوں کو شفاف اور منظم نظام کے تحت ای چالان جاری کیے جائیں گے ۔افسران کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کی جائے گی اور متعلقہ افراد کو ای چالان جاری کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خوشاب پولیس شہریوں کو محفوظ اور بہتر ٹریفک ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔