حکمران کفایت شعاری اپنے اوپر نافذ کریں:جماعت اسلامی
حکمران کفایت شعاری اپنے اوپر نافذ کریں:جماعت اسلامی حکمران خود سادگی نہیں اپنائینگے تو عوام سے توقع رکھنا ناانصافی ہے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر چودھری محمد سلیم نے کہا ہے کہ اگر واقعی ملک کو معاشی بحران سے نکالنا مقصود ہے تو سب سے پہلے اقتدار کے ایوانوں میں کفایت شعاری نافذ کرنا ہوگی۔ حکمران طبقہ بیس بیس گاڑیوں پر مشتمل طویل پروٹوکول، کروڑوں روپے کے غیر ضروری اخراجات اور سرکاری مراعات فوری طور پر ختم کرے ۔ جب تک حکمران خود سادگی اور کفایت شعاری کی مثال قائم نہیں کریں گے ، عوام سے قربانیوں کی توقع رکھنا ناانصافی کے مترادف ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری مہم کے نام پر عوام کو مسلسل قربانیوں کا درس دینے والے حکمرانوں کا شاہانہ طرزِ زندگی اختیار کرنا کھلی منافقت ہے ۔ آج غریب آدمی مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے ٹیکسوں کے بوجھ تلے پس رہا ہے ، جبکہ حکمرانوں کی عیاشیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ یہ دوہرا معیار کسی صورت قابل قبول نہیں۔چودھری محمد سلیم نے مطالبہ کیا کہ حکمران سادگی اختیار کریں، سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی لائیں ۔
اور قومی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں فضول خرچی، غیر ضروری دوروں اور لگژری سہولیات پر فوری پابندی عائد کی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کا ضیاع روک کر تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی شعبوں پر توجہ دی جائے ، بصورت دیگر کفایت شعاری مہم محض ایک نعرہ ثابت ہوگی۔ قوم کو حقیقی ریلیف اسی وقت مل سکتا ہے جب حکمران اپنی ترجیحات تبدیل کریں۔ضلعی امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عوام اب صرف نعروں سے مطمئن نہیں ہوں گے ۔