ہسپتالوں میں ادویات کی بیرونِ خریداری کا سلسلہ جاری
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب کی واضح ہدایات کے باوجود ضلع سرگودھا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی جانب سے مریضوں کو باہر سے ادویات منگوانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے گائیڈ لائن جاری کی گئی تھی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ادویات سٹورز میں دستیاب رکھی جائیں، تاہم مبینہ طور پر ناقص عملدرآمد کے باعث اس پالیسی پر مکمل طور پر عمل نہیں ہو سکا۔بتایا جا رہا ہے کہ بعض ڈاکٹرز ایسی ادویات تجویز کر رہے ہیں جو متعلقہ ہسپتالوں کے باہر قائم نجی میڈیکل سٹورز پر ہی دستیاب ہوتی ہیں۔
اس صورتحال میں یہ بھی خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ ادویہ ساز کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز سے مبینہ مراعات کے بدلے مخصوص ادویات تجویز کی جاتی ہیں۔دوسری جانب مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا نظام بھی مؤثر نہیں، جس کے باعث غریب مریض شدید مالی بوجھ کا شکار ہیں۔شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں، مؤثر مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے اور سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنا کر مریضوں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔