بجٹ میں غریب کو ریلیف نہیں ملے گا:پیپلز لیبر بیورو فیصل آباد
بجٹ میں غریب کو ریلیف نہیں ملے گا:پیپلز لیبر بیورو فیصل آباد آئی ایم ایف کی نگرانی میں تیار ہونے والا بجٹ مزید مشکلات کا سبب بنے گا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پیپلز لیبر بیورو فیصل آباد کے ڈویژنل صدر رانا نصیر احمد خان، جنرل سیکرٹری لال حسین راشد، ڈویژنل صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری خادم حسین، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد طاہر شیخ، اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں غریب عوام کو دھوکہ دہی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف کی نگرانی میں تیار ہونے والا بجٹ عوامی مسائل کا حل نہیں بلکہ مزید مشکلات کا باعث بنے گا۔رہنماؤں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا جائے اور کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر کی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام پہلے ہی شدید مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اس لیے فوری ریلیف ناگزیر ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتی مزدوروں کو سستی علاج کی سہولت فراہم کی جائے ، ڈیتھ گرانٹ کو 8 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے جبکہ میرج گرانٹ کو 4 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کیا جائے ۔رہنماؤں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کی 44 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے جو ایک تشویشناک صورتحال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو یہ مطالبات صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک پہنچانے چاہئیں تاکہ غریب عوام کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ جیالے توقع رکھتے ہیں کہ پارٹی قیادت صرف بیانات نہیں بلکہ عوامی ریلیف کے لیے عملی کردار بھی ادا کرے گی۔