محکمہ فوڈ اتھارٹی نے عرصہ دراز سے دودھ کی چیکنگ ختم کر دی
محکمہ فوڈ اتھارٹی نے عرصہ دراز سے دودھ کی چیکنگ ختم کر دی دو نمبر دودھ فروخت کرنے والوں کو کھلی چھٹی مل گئی ، لوگوں کی صحت متاثر
شاہ پور (نمائندہ دنیا)محکمہ فوڈ اتھارٹی کی مبینہ ملی بھگت سے شاہ پور اور گردونواح میں دودھ کی آڑ میں مبینہ ملاوٹ کا دھندا کھلے عام جاری ہے جبکہ دودھ کی کوالٹی چیک کرنے والی اتھارٹی نے عرصہ دراز سے دودھ کی چیکنگ ختم کر دی ہے جس سے دو نمبر دودھ فروخت کرنے والوں کو کھلی چھٹی مل گئی ہے ، کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے مختلف مقامات پر چِلر لگا کر دو نمبر اور غیر معیاری دودھ سپلائی کر رہے ہیں ، کیمیکل ملا دودھ ہونے کے باوجود دودھ فروش اپنی مرضی کے ریٹ وصول کر رہے ہیں ۔ کیمکل ملا دودھ پینے سے عوام، بچوں اور خواتین کی صحت بُری طرح متاثر ہو رہی ہے عوامی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ لوگوں کی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نمائشی کارروائیوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، کیمیکل ملا دودھ تیار کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور عوام کو خالص دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر دیہات سے شہروں تک دودھ لانے والوں کی چیکنگ کرے اور ملاوٹی دودھ بنانے اور انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے ۔