مہنگائی ،غربت میں اضافہ، حکمران سو رہے :اعجاز چودھری
مہنگائی ،غربت میں اضافہ، حکمران سو رہے :اعجاز چودھری عوام معاشی دباؤ کا شکار ،کاشتکار سخت پریشانی میں مبتلا ،حکومت توجہ دے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں بے لگام مہنگائی اور جان لیوا غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکمران اور عوام دشمن اشرافیہ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ غربت کے ہاتھوں تنگ آ کر خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں اور یہ صورتحال ناانصافی اور معاشی قتل عام کے مترادف ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ غریب عوام کے لیے معاشی انقلاب لے کر آئے گا، کیونکہ اس وقت عوام شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔اعجاز چودھری نے کہا کہ ن لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرہ عوام کو صرف طفل تسلیاں دے رہی ہیں جبکہ گندم، مکئی، کپاس اور دیگر زرعی اجناس کے کاشتکار سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے اور زراعت کو سہارا دے کر ملکی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی بنیاد ہے اور اسے مضبوط کرنا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کو خود کفیل بنانے کے لیے زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مفاد پرست سیاسی قیادت اور جماعتیں طلبہ یونینز کی بحالی میں رکاوٹ ہیں جبکہ قول و فعل کے تضاد نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے ۔۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ، ضرورت صرف دیانتدارانہ قیادت اور درست سمت اختیار کرنے کی ہے ۔