غیر قانونی رکشہ و ویگن سٹینڈز ٹریفک روانی میں بڑی رکاوٹ
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر کے مختلف اہم چوک چوراہوں، مین شاہراہوں اور دیگر مقامات پر قائم غیر قانونی رکشہ اور ویگن سٹینڈز ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے کے ساتھ ٹریفک حادثات کا سبب بھی بننے لگے ہیں۔
مین شاہراہوں پر قائم ان غیر قانونی سٹینڈز کی وجہ سے ٹریفک کی طویل قطاریں اور ٹریفک بلاک رہنا معمول بن گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر مبینہ طور پر ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کی پشت پناہی کے باعث یہ غیر قانونی سٹینڈز قائم ہیں، جس کے باعث ان کے خلاف مؤثر کارروائیاں نہیں ہو رہیں۔ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں جن میں ڈی ٹائپ پل، علامہ اقبال کالونی چوک، کوریاں پل، مدنی چوک، بینک چوک، ناولٹی پل، جھال چوک، جی ٹی ایس چوک، نڑوالا چوک، سلیمی چوک، سوساں روڈ، فلیٹ چوک، جھنگ بازار چوک، چناب چوک اور ڈی ٹائپ گول چوک سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔
وہاں غیر قانونی رکشہ اور ویگن سٹینڈز ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔شہریوں کے مطابق ان سٹینڈز کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک جام معمول بن چکا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار ناکہ لگا کر چالان تو کرتے ہیں لیکن غیر قانونی سٹینڈز کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جاتا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں قائم غیر قانونی رکشہ اور ویگن سٹینڈز کا فوری خاتمہ کیا جائے اور مبینہ پشت پناہی میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔