محرم الحرام انتظامات کیلئے ڈویژنل انتظامیہ متحرک

 محرم الحرام انتظامات کیلئے ڈویژنل انتظامیہ متحرک

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد عشرہ محرم الحرام کے دوران انتظامی و حفاظتی اقدامات کو فول پروف اور چوکس بنانے کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہے ۔

کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا، بریگیڈیئر پاک آرمی یاسین اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے ۔کمشنر نے چاروں اضلاع میں جلوسوں اور مجالس کے انتظامی و حفاظتی امور پر بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر محرم انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی جگہ نرمی نہ برتی جائے ۔ انہوں نے سکیورٹی اقدامات کو مزید چوکس رکھنے اور جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کو باریک بینی سے بار بار چیک کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا۔ اس موقع پر پاک آرمی کے افسر نے کہا کہ امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں سول انتظامیہ کی ہر ممکن معاونت جاری رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں