عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود حکومت ریلیف دینے میں ناکام رہی ، سردار بہادر بابر خان
کندیاں(نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ایڈووکیٹ سردار بہادر بابر خان سوانس نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود حکومت پاکستانی عوام کو اس کا ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور لیویز میں فوری کمی کرکے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا جائے انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، ایسے میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک منتقل کرے ۔ اگر حکومت واقعی عوامی ریلیف کی دعویدار ہے تو فوری عملی اقدامات کرے ۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرنی چاہیے تاکہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔