گدھی پر تشدد کا معاملہ، عدالت کے حکم پر مقدمہ درج

گدھی پر تشدد کا معاملہ، عدالت  کے حکم پر مقدمہ درج

سرگودھا(اسٹاف رپورٹر) نواحی موضع جھمٹ میں گدھی کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف عدالت کے حکم پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گدھی کے مالک عبدالرحمن نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کی گدھی ملزم اسرار عرف شاری کی گدھی کے ساتھ باہر گھوم رہی تھی کہ اس دوران ملزم طیش میں آ گیا اور اس نے اینٹ مار کر گدھی کو شدید زخمی کر دیا۔مدعی کے مطابق حملہ اتنا شدید تھا کہ گدھی کی بائیں آنکھ ضائع ہو گئی جبکہ سر پر لگنے والی چوٹ کے باعث اس کی ذہنی حالت بھی متاثر ہوئی۔عبدالرحمن نے الزام عائد کیا کہ جب اس نے ملزم سے نقصان کے ازالے اور ہرجانے کا مطالبہ کیا تو ملزم نے نہ صرف گالی گلوچ کی بلکہ دھمکیاں بھی دیں، جس پر متاثرہ فریق نے قانونی چارہ جوئی کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔ایس ایچ او تھانہ بھیرہ کے مطابق واقعہ گاؤں جھمٹ میں پیش آیا اور ایڈیشنل سیشن جج کے حکم پر گدھی کے مالک عبدالرحمن کی مدعیت میں ملزم اسرار عرف شاری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں