پنجاب محتسب کے پروگرام \"عوامی خدمت\" کے تحت آگاہی نشست
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)پنجاب محتسب کے پروگرام \"عوامی خدمت\" کے تحت ڈائریکٹر انفارمیشن آفس میں ایک آگاہی نشست کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد صوبائی محتسب پنجاب کے ادارے کی خدمات اور عوام کو فراہم کردہ سہولیات سے متعلق آگاہی دینا تھا۔
نشست سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوائزر محتسب سرگودھا ریجن محمد الیاس گل نے کہا کہ یہ آگاہی مہم صوبائی محتسب پنجاب عائشہ حامد کی ہدایات پر شروع کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ادارے کی خدمات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی محتسب پنجاب کے دفاتر ڈویژنل اور ضلعی سطح پر قائم ہیں جہاں شہری سرکاری محکموں کے خلاف اپنی شکایات بغیر کسی فیس اور وکیل کے درج کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا ریجن میں رواں سال 1319 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 342 شکایات کا فیصلہ کیا جا چکا ہے جبکہ باقی درخواستوں پر کارروائی جاری ہے ۔
ان کے مطابق محتسب ادارہ عوام کو فوری، سستا اور مؤثر انصاف فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا ڈویژن نعیم ملک نے کہا کہ محتسب آفس سرگودھا ریجن میں عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ صوبائی محتسب کے پیغام کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔آگاہی نشست میں میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور صوبائی محتسب کے نظام، شکایات کے اندراج اور ازالے کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں۔