سملانوالہ لوکڑی میں 2 محرم کا جلوسِ ، لنگرِ حسینی ؓ تقسیم
میانی (نامہ نگار )سملانوالہ لوکڑی سیداں میں 2 محرم الحرام کی مناسبت سے سید اکمل عباس شیرازی کے زیرِ انتظام مجلسِ عزاء اور شبیہ ذوالجناح کا جلوس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد ہوا۔
مجلس اور جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور طبی سہولیات کے مؤثر انتظامات کیے گئے ۔مجلسِ عزاء سے ذاکر سید کشور عباس شیرازی، ذاکر سید عاطف علی نقوی، ذاکر نصر عباس رکن اور ذاکر سید عون عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے فضائل و مصائبِ حضرت محمدؐ و آلِ محمدؐ اور واقعہ کربلا پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔مجلس کے اختتام پر سید اکمل عباس شیرازی کی رہائش گاہ سے شبیہ ذوالجناح اور علمِ پاک کا جلوس برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ درِ سجاد پہنچ کر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے دوران تھانہ میانی پولیس کے اہلکاروں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر فرائض انجام دئیے ، جبکہ محکمہ صحت میانی کی میڈیکل ٹیم بھی عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے جلوس کے ہمراہ موجود رہی۔جلوس کے اختتام پر عزاداروں میں عقیدت و احترام کے ساتھ وسیع پیمانے پر لنگرِ حسینیؑ تقسیم کیا گیا۔