سرگودھا میں مویشیوں کی ویکسی نیشن مہم ، صورتحال تسلی بخش
سرگودھا(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سرگودھا ڈاکٹر نائلہ مقصود نے جانوروں کی ویکسینیشن اور ڈی ورمنگ (کیڑے مار مہم) کا خصوصی جائزہ لیتے ہوئے مختلف علاقوں میں جاری سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ضلع سرگودھا میں مویشیوں کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے اور کسی بھی متعدی بیماری کا کوئی آؤٹ بریک رپورٹ نہیں ہوا۔انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ احتیاطی تدابیر، بروقت ویکسینیشن، ڈی ورمنگ اور جانوروں کی صحت کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ مویشی صحت مند رہیں اور کسانوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مویشیوں کی بیماریوں کی روک تھام، جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی اور کسانوں کی رہنمائی کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک بھرپور اقدامات کر رہا ہے تاکہ لائیو اسٹاک کے شعبے کو مزید مستحکم بنایا جا سکے ۔