امام حسینؓ کی عظیم شہادت پوری انسانیت کیلئے درسِ :مشتاق انور
امام حسینؓ کی عظیم شہادت پوری انسانیت کیلئے درسِ :مشتاق انور آ پ محسنِ انسانیت ہیں ،باطل قوتوں کے سامنے ڈت جانے کا درس دیا
خوشاب (نمائندہ دنیا)ادارہ صوت القرآن کے بانی اور صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری پروفیسر محمد مشتاق انور نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے کربلا کے بے آب و گیاہ میدان میں اپنی اور اپنے جانثار ساتھیوں کے خون سے دین اسلام کی آبیاری کی۔استقبالِ محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ایک محفل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کی عظیم شہادت صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے درسِ حریت ہے ۔ ان کے مطابق کربلا سے حاصل ہونے والا پیغام یہ ہے کہ مظلوم کی حمایت اور ظلم کے خاتمے کے لیے اٹھنے والی کوئی بھی تحریک کبھی ناکام نہیں ہو سکتی۔قاری مشتاق انور نے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ صرف محسنِ اسلام ہی نہیں بلکہ محسنِ انسانیت ہیں جنہوں نے باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے کا عملی درس دیا۔ ان کا فلسفہ ایثار و قربانی کسی خاص طبقے یا خطے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے یزید کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے ظلم کے خلاف آواز بلند کی، اور ان کی شہادت قیامت تک حق و صداقت کی علامت بن گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کی ریت کا ہر ذرہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ فکرِ حسینؓ قرآن و سنت کے آفاقی پیغام پر مبنی ہے ۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں شہدائے کربلا کی یاد مناتے ہوئے پیغامِ الٰہی کو عام کرنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔