محرم الحرام ،امن و امان کیلئے خوشاب میں کنٹرول روم قائم
محرم الحرام ،امن و امان کیلئے خوشاب میں کنٹرول روم قائممین شاہراہوں اور جلوسوں کے روٹس پر نصب کیمروں سے مانیٹرنگ ہو گی
خوشاب (نمائندہ دنیا)محرم الحرام کے دوران ضلع خوشاب میں امن و امان کی صورتحال پر مؤثر نگرانی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے فوری تدارک کے لیے ڈی سی کمپلیکس جوہرآباد میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ۔اس کنٹرول روم کے ذریعے خوشاب اور جوہرآباد سمیت مین شاہراہوں اور جلوسوں کے روٹس پر نصب کیمروں کی مدد سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے محرم الحرام ڈیوٹی پر تعینات محکمہ ایجوکیشن، سوئی گیس، واپڈا، زراعت، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے عملے کی حاضری چیک کی۔انہوں نے اے ڈی سی جی غزالہ کنول کو ہدایت کی کہ کنٹرول روم میں سوشل میڈیا سے متعلقہ متحرک اور کیمرہ سسٹم پر مہارت رکھنے والا عملہ فوری طور پر تعینات کیا جائے تاکہ تمام امور مؤثر انداز میں سرانجام دیے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کنٹرول روم میں تعینات تمام عملہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری، ذمہ داری اور قومی فریضہ سمجھ کر انجام دے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا اور تمام ایمرجنسی کالز فوری طور پر ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں تک پہنچائی جائیں گی۔