فیصل آباد کے ترقیاتی منصوبے بجٹ سے باہر ، متعدد سکیمیں اے ڈی پی میں شامل نہ ہو سکیں
صنعتی شہر ہونے کے باوجود فیصل آباد کو اس کے حصے کے مطابق ترقیاتی فنڈز نہیں مل رہے ،پنجاب حکومت ڈراپ کیے گئے منصوبوں کو دوبارہ اے ڈی پی میں شامل کر کے فنڈز فراہم کرے :شہری
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) صوبائی بجٹ 2026-27 میں فیصل آبادشہر کے متعدد اہم ترقیاتی منصوبے سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام (ADP) میں شامل نہ ہو سکے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی بیشتر تجاویز کو منظور نہیں کیا گیااور پنجاب حکومت کی منظوری نہ ملنے کے باعث یہ منصوبے اے ڈی پی کا حصہ نہ بن سکے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام، گٹ والا پارک کو سفاری زو میں تبدیل کرنے ، کنال ایکسپریس وے پر نئے انڈر پاسز اور فلائی اوورز، رنگ روڈ کی توسیع اور دیگر اہم سکیمیں بجٹ سے باہر رہیں۔ اسی طرح بورڈ آف ریونیو کی ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی ترقیاتی سکیمیں بھی شامل نہ ہو سکیں۔
مزید یہ کہ کنال روڈ کی ری ماڈلنگ، جھال سے سلیمی چوک تک فلائی اوور، گیٹاں والا چوک انڈر پاس، ملت چوک تا ڈپٹی والا انٹرچینج ایکسپریس وے ، کلیم شہید پارک کی ری ماڈلنگ، ڈجکوٹ، تاندلیانوالہ، کھرڑیانوالہ اور مکوآنہ فلائی اوورز، چک جھمرہ انڈر پاس، رسالے والا ڈبل روڈ، نواز شریف جنرل ہسپتال، ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر، آوارہ کتوں کے شیلٹر، فوڈ کورٹ، پارکنگ پلازہ اور سمن آباد ماڈل قبرستان کی اسکیمیں بھی فنڈز سے محروم رہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صنعتی شہر ہونے کے باوجود فیصل آباد کو اس کے حصے کے مطابق ترقیاتی فنڈز نہیں مل رہے ۔ پنجاب حکومت ڈراپ کیے گئے منصوبوں کو دوبارہ اے ڈی پی میں شامل کر کے فنڈز فراہم کرے۔