انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں تیزی لائی جائے ، ڈی پی او
زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ وقت کے اندر یکسو کیا جائے
میانوالی (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی وقار عظیم کھرل کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میانوالی میں اہم کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن میانوالی مہر محمد ریاض ناز، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی۔ڈی پی او میانوالی نے تمام افسران کو محرم الحرام پر اچھی ڈیوٹی کرنے پر شاباش دی اور تمام افسران و اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور کیش انعام دینے کا اعلان کیا۔بعد ازاں میٹنگ میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سنگین جرائم، زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت، اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی پی او میانوالی نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے ، اشتہاری و عادی مجرمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے اور زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ وقت کے اندر یکسو کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں بروقت، مؤثر اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی میانوالی پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جائے ، ان کی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ڈی پی او میانوالی نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت، ناقص کارکردگی یا شہریوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔