ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او وقار موچھ کے نواحی علاقہ شریف والی کا دورہ
موچھ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا، ڈی پی او وقار عظیم کھرل کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کھوکھر اور اسسٹنٹ کمشنر میانوالی سلمان قیوم شیخ کے ہمراہ موچھ کے نواحی علاقہ شریف والی کا دورہ۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے وہاں پر دریائے سندھ کے زمینی کٹاؤ والے مقام کا جائزہ لیا، مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔ اس موقع پر مکینوں نے ڈی سی کو بتایا کہ شریف والی کے مقام پر دریائے سند ھ کا کٹاؤ تیز ی سے جاری ہے اور مطالبہ کیا کہ مقامی آبادی اور زمینوں کو دریا برد ہونے سے بچایا جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ دریائی کٹاؤ کے تدارک کیلئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کے سلسلہ میں محکمہ آبپاشی کی معاونت سے تخمینہ لگوا کر مکمل کیس حکومت کو بھجوا چکی ہے اور فنڈز کی فراہمی کے بعد دریائی کٹاؤ کی روک تھام پر فوری کام شروع کر دیا جائیگا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول خان محمد میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا اور کیمپ میں موجود ادویات اور دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔انھوں نے ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments