نواحی دیہات میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہو سکی
نواحی دیہات میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہو سکی فصلیں تباہ، مال مویشی اور آبادی محصور،سڑکیں اور گلیاں تالاب
میانی( نامہ نگار )تحصیل بھیرہ کے قصبہ ویروال اور اس کے نواحی علاقوں چک صاحب خان، رکھ بھڑپور، منوئیس اور پنڈی حطار میں حالیہ شدید مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی۔ تین ہفتے گزر جانے کے باوجود علاقے سے پانی کی نکاسی نہ ہو سکی، جس کے باعث سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان اور دیگر فصلیں کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب کر بالکل تباہ ہو چکی ہیں بارش کے پانی کی وجہ سے راستے ، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور متعدد ڈیرہ جات کا شہری آبادی سے رابطہ بالکل منقطع ہو چکا ہے ۔ محصور خاندانوں کو روزمرہ اشیائے خورونوش اور طبی سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ فصلوں کی تباہی کے ساتھ ساتھ کسانوں کے مال مویشی بھی شدید متأثر ہوئے ہیں۔ سبز چارہ، خشک گندم، بھوسہ اور سبزیوں کی فصلیں سیلابی پانی کی نذر ہو چکی ہیں، جس کے باعث مویشیوں کے لیے چارے کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے اور کھڑے پانی کی وجہ سے وبائی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے محض دوروں اور فوٹو سیشن تک محدود ہیں۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر نکاسیِ آب، ریلیف کی فراہمی اور فصلوں و مویشیوں کے نقصان کے ازالے کا پرزور مطالبہ کیا ہے
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments