نشہ آور اشیا منہ، پھیپھڑوں معدے کے کینسر کا سبب :ڈاکٹر

نشہ آور اشیا منہ، پھیپھڑوں  معدے کے کینسر کا سبب :ڈاکٹر

موچھ (نمائندہ دنیا)معروف ڈینٹل سرجن ڈاکٹر حنیف نیازی، ڈینٹل زون میانوالی، نے کہا ہے کہ سگریٹ، پان، نسوار، بیڑا، گٹکا، چھالیہ اور دیگر نشہ آور اشیا منہ، مسوڑھوں، معدے اور پھیپھڑوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں اور کینسر سمیت متعدد سنگین بیماریوں کا سبب بن سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مضرِ صحت اشیا کے عادی افراد اکثر ان کے نقصانات کو معمولی سمجھتے ہیں، لیکن طویل عرصے تک استعمال اندرونی طور پر بڑی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے ۔ سگریٹ، پان، چھالیہ، گٹکا اور نسوار کا مسلسل استعمال کرنے والے نوجوان اور بزرگ منہ اور پھیپھڑوں کے امراض، معدے کے السر اور کینسر میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹر حنیف نیازی نے کہا کہ بیشتر افراد باقاعدگی سے طبی معائنہ نہیں کرواتے ، نہ ڈینٹل سرجن سے چیک اپ کرواتے ہیں اور نہ ہی پلمونالوجسٹ سے معائنہ کراتے ہیں۔ جب کسی ہنگامی صورتِ حال میں منہ، معدے یا پھیپھڑوں کا معائنہ کروایا جاتا ہے تو بعض اوقات اسی دوران سنگین بیماری کی تشخیص ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بائیوپسی اور دیگر طبی ٹیسٹوں سے کینسر کی تصدیق ہونے تک بیماری بعض مریضوں میں کافی آگے بڑھ چکی ہوتی ہے ، جس سے علاج مشکل ہو جاتا ہے اور صحت یابی کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹر حنیف نیازی نے نشہ آور اشیا استعمال کرنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ اب بھی بروقت اقدام کرتے ہوئے مکمل طبی اور ڈینٹل چیک اپ کروائیں اور سگریٹ، پان، نسوار، گٹکا، چھالیہ اور دیگر مضرِ صحت اشیا کا استعمال ترک کریں تاکہ کینسر اور دیگر سنگین امراض سے محفوظ رہا جا سکے اور بعد میں پچھتاوے کی نوبت نہ آئے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...