کندیاں: گلی سانداں والی ،سیوریج مسئلے کے حل کی امید روشن
کندیاں: گلی سانداں والی ،سیوریج مسئلے کے حل کی امید روشنانجمن تاجران کے عہدیداران کی سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ سے ملاقات
میانوالی (نامہ نگار) گلی سانداں والی کندیاں کے سیوریج اور سولنگ کے سالہا سال پرانے مسئلے کے حل کی امید روشن ہوگئی۔ مسئلے کے حل کے سلسلے میں جوئیہ ہاؤس میں اہلِ محلہ کے سرکردہ افراد اور انجمن تاجران کے عہدیداران نے سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر سید صفدر شاہ گیلانی، انجمن تاجران کے رہنما غلام شبیر عرف ڈی سی ارائیں، محمد رمضان اویس، محمد ریاض ارائیں، ثناء اللہ جٹیال اور گلی سانداں والی کے دیگر معزز رہائشی موجود تھے ۔ وفد نے ملک فیروز جوئیہ کو بتایا کہ گلی سانداں والی کا سیوریج مسئلہ کئی سال سے اہل علاقہ کے لیے شدید پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے ۔ متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے اور احتجاج کے باوجود مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جاسکا۔ملک فیروز جوئیہ نے فوری طور پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل پپلاں چوہدری ظفر اقبال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ گلی سانداں والی کا فوری معائنہ کرکے سیوریج کے مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ملک فیروز جوئیہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان شاء اللہ ایک ہفتے کے اندر گلی سانداں والی کے سیوریج منصوبے پر کام شروع کرا دیا جائے گا۔ اہل محلہ نے ملک فیروز جوئیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق دیرینہ مسئلہ جلد حل کروائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments