سلانوالی:کروڑوں روپے کا سڑک و نکاسی آب منصوبہ بارش کی نذر
سلانوالی:کروڑوں روپے کا سڑک و نکاسی آب منصوبہ بارش کی نذر نالے زمین بوس، شہری سراپا احتجاج، پانی دکانوں اور رہائشی مکانات میں داخل
سلانوالی (نمائندہ دنیا) محکمہ ہائی وے سرگودھا کی نگرانی میں تعمیر ہونے والے سڑک اور نکاسی آب کے منصوبے میں مبینہ ناقص مٹیریل کے استعمال کا معاملہ سامنے آگیا۔ چند ماہ قبل تعمیر کیے گئے نکاسی آب کے نالے طوفانی بارش کے دوران زمین بوس ہوگئے ، جس کے باعث نالوں کے بند ٹوٹنے سے بارشی اور سیوریج کا پانی دکانوں اور رہائشی مکانات میں داخل ہوگیا اور شہریوں کو شدید نقصان اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سلانوالی کے سماجی حلقوں نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور کمشنر سرگودھا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔محکمہ ہائی وے سرگودھا کی نگرانی میں حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سینما روڈ تعمیر کیا گیا، جبکہ سڑک کے دونوں اطراف نکاسی آب کے لیے گہرے اور بڑے نالے بھی تعمیر کیے گئے ۔ سماجی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ منصوبے میں تعمیراتی معیار کو نظر انداز کیا گیا اور مبینہ طور پر ناقص و غیر معیاری مٹیریل استعمال کیا گیا۔
شہریوں کے مطابق کارپٹ روڈ کے سب بیس میں مبینہ طور پر غیر معیاری پتھر استعمال کیا گیا جبکہ تارکول کا بھی انتہائی کم مقدار میں سپرے کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے بعد مطلوبہ فیس کوٹ بھی نہیں کیے گئے ، جس کے باعث سڑک کے معیار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔اسی طرح سڑک کے دونوں اطراف تعمیر کیے گئے نکاسی آب کے نالوں میں بھی مبینہ طور پر غیر معیاری اینٹیں اور ناقص مصالحہ استعمال کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مصالحے میں ریت اور بجری کی مقدار زیادہ جبکہ سیمنٹ انتہائی کم استعمال کیے جانے کے باعث نالے مضبوط نہ بن سکے ۔گزشتہ دنوں ہونے والی طوفانی بارش کے دوران مذکورہ تعمیراتی کام کے معیار کا پول کھل گیا اور نکاسی آب کا نالہ کئی مقامات پر زمین بوس ہوگیا، جس سے پانی کی روانی متاثر ہوئی۔ نالوں کے بند ٹوٹنے کے باعث بارشی اور گندا پانی قریبی دکانوں اور گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے شہریوں کو مالی نقصان اور شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سلانوالی بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری چوہدری نفیس احمد ایڈووکیٹ سمیت سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر سرگودھا اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے میں مبینہ ناقص مٹیریل کے استعمال اور تعمیراتی معیار کی فوری تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور محکمہ ہائی وے کے متعلقہ افسران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments