دفاعی معاہدہ امن و استحکام کیلئے اہم پیش رفت ہے :مہر محمد نواز

دفاعی معاہدہ امن و استحکام کیلئے اہم پیش رفت ہے :مہر محمد نواز

دفاعی معاہدہ امن و استحکام کیلئے اہم پیش رفت ہے :مہر محمد نوازخطے میں طاقت کے توازن پر بھی نمایاں اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے

بھیرہ (نامہ نگار)آرائیں ایسوسی ایشن تحصیل بھیرہ کے مرکزی صدر اور بار ایسوسی ایشن بھیرہ کے بانی و سابق جنرل سیکرٹری مہر محمد نواز ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون خطے میں امن و استحکام اور دفاعی توازن کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے ۔ اس تعاون سے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور خطے میں طاقت کے توازن پر بھی نمایاں اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے ۔وہ بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے ارکان سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس پیکٹ کے تحت تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کیا گیا ہے اور کسی بھی ملک کو بیرونی جارحیت کا سامنا ہونے کی صورت میں باہمی تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے ۔مہر محمد نواز ایڈووکیٹ نے کہا کہ سعودی عرب کی معاشی قوت اور تیل کے وسیع ذخائر، ترکیہ کی جدید دفاعی صنعت اور ڈرون ٹیکنالوجی جبکہ پاکستان کی تجربہ کار مسلح افواج اور جوہری صلاحیت تینوں ممالک کو ایک مضبوط دفاعی شراکت داری فراہم کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دفاعی تعاون سے اسلامی دنیا کے دفاعی مفادات کو تقویت ملے گی اور خطے میں کسی بھی ممکنہ جارحیت کی حوصلہ شکنی میں مدد مل سکتی ہے ۔مہر محمد نواز ایڈووکیٹ نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دفاعی اور سفارتی حکمت عملی نے اسے اسلامی دنیا میں ایک اہم اور مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون مسلم دنیا کے اجتماعی مفادات کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...