طلبہ تنظیموں کی بحالی تعلیمی اداروں کیلئے ضروری ،توصیف احمد
نوجوانوں میں سیاسی شعور، مکالمے اور قیادت کی صلاحیت اجاگر کرتی ہیں،بیان
میلسی (نامہ نگار)سابق چیئرمین بلدیہ میلسی توصیف احمد خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ طلبہ تنظیموں کی بحالی تعلیمی اداروں اور قومی جمہوریت کے استحکام کے لیے بنیادی ضرورت ہے ۔ طلبہ تنظیمیں نوجوانوں میں جمہوری اقدار، ووٹ کی اہمیت اور سیاسی شعور اجاگر کرتی ہیں جبکہ انہیں مکالمے ، اظہار رائے اور اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کا سلیقہ بھی سکھاتی ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو مختلف مسائل کا سامنا رہتا ہے ، ایسے میں فعال طلبہ تنظیم انتظامیہ کے سامنے ان کے مسائل مؤثر انداز میں پیش کرنے اور حقوق کے تحفظ کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
توصیف احمد خان یوسفزئی نے کہا کہ ملک کی متعدد بڑی سیاسی قیادتیں ماضی میں طلبہ سیاست اور جمہوری عمل سے ابھر کر سامنے آئیں۔ تعلیمی ادارے نوجوانوں کی قیادت سازی کی نرسری ہیں، جہاں ان میں فیصلہ سازی، انتظامی صلاحیت اور عوامی مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئینی دائرے میں کام کرنے والی طلبہ تنظیمیں تنقیدی سوچ، مکالمے اور پرامن سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں۔ یہ تنظیمیں مشاعروں، مباحثوں، کھیلوں، سیمینارز اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے انعقاد میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، جس سے طلبہ کی شخصیت کی ہمہ جہت نشوونما ہوتی ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت طلبہ تنظیمیں بحال کی جائیں تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری راستہ مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments