شاندار کارکردگی ، میپکو ملک کی نمبر ون بجلی تقسیم کار کمپنی بن گیا
نمایاں کارکردگی پر افسروں میں شیلڈز تقسیم، تمام ملازمین کیلئے بونس کا اعلان ،خسارہ کم، مقررہ ہدف حاصل کرنا قابل تحسین،پاور سیکٹر میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ، عامر ضیاء
ملتان (خصوصی رپورٹر) مالی سال 2025-26ء میں میپکو کی شاندار کارکردگی افسر و ملازمین کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے ، جس کے باعث کمپنی ملک کی نمبر ون بجلی تقسیم کار کمپنی بننے میں کامیاب ہوئی۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میپکو انجینئر عامر ضیاء نے کہا ہے کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں میں اعزازی شیلڈز تقسیم جبکہ تمام ملازمین کے لئے بونس کا اہتمام کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پاور سیکٹر میں غیر معمولی کارکردگی پر میپکو بورڈ، انتظامیہ، افسر اور ملازمین کو سراہا ہے ۔ خسارہ کم کرنا اور مقررہ اہداف حاصل کرنا قابل تحسین ہے ۔ اب ‘‘پاکستان فرسٹ’’ کے اصول کو اپناتے ہوئے قومی اداروں کی بہتری کے لئے ذاتی و ادارہ جاتی مفادات سے بالاتر ہوکر کام کرنا ہوگا۔
بورڈ ڈائریکٹر انجینئر طاہر بشارت چیمہ نے کہا کہ بورڈ کی مؤثر پالیسیوں، حکمت عملی اور مسلسل نگرانی سے میپکو اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ پاور سیکٹر میں حکومتی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، جدید مینجمنٹ، شفافیت اور میرٹ پر مبنی فیصلوں سے کارکردگی مزید بہتر بنائی جاسکتی ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے کہا کہ افسروں، انجینئرز اور فیلڈ سٹاف کی محنت سے کمپنی نے نمایاں مقام حاصل کیا۔ کسٹمر فسیلیٹیشن سینٹرز، جدید کسٹمر سروسز اور ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپ کی اپ گریڈیشن اہم اقدامات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments