دفاعی معاہدے کی خوشی ،سرگودھا آرٹس کونسل میں2 روزہ کنسرٹ
دفاعی معاہدے کی خوشی ،سرگودھا آرٹس کونسل میں2 روزہ کنسرٹ سکولوں کے طلبہ نے حب الوطنی، قومی یکجہتی،امتِ مسلمہ کے اتحاد پر مبنی ملی نغمے پیش کئے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مکہ مکرمہ میں ہونے والے باہمی دفاعی معاہدے کے پرمسرت موقع پر ضلعی انتظامیہ سرگودھا کے زیر اہتمام آرٹس کونسل میں ملی نغموں کا دو روزہ رنگا رنگ کنسرٹ شروع ہوگیا۔ پہلے روز ہی آرٹس کونسل کا ماحول قومی و ملی جذبے سے سرشار ہوگیا، جہاں مقامی گلوکاروں اور مختلف سکولوں کے طلبہ نے حب الوطنی، قومی یکجہتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر مبنی ملی نغمے پیش کرکے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔آرٹس کونسل کمپلیکس کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچموں، دیدہ زیب بینرز اور خوبصورت اسٹیج سے سجایا گیا تھا، جبکہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، صدر ترکیہ رجب طیب اردوان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بڑی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں۔ پوری عمارت کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا، جس سے آرٹس کونسل رات کے وقت خوبصورت منظر پیش کررہی تھی۔کنسرٹ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ملی نغموں کی دھنیں گونجیں تو نوجوانوں اور بچوں سمیت حاضرین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے تینوں برادر ممالک اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے حق میں پرجوش نعرے لگائے ، جس سے آرٹس کونسل کا ماحول دیر تک قومی جذبے سے گونجتا رہا۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر منعقد ہونے والے اس پروگرام کا مقصد تاریخی دفاعی معاہدے کی خوشی عوام کے ساتھ منانا اور نوجوان نسل کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مسلم امہ کے اتحاد کا پیغام دینا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں ہونے والا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا باہمی دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان اعتماد، یکجہتی اور مشترکہ عزم کی علامت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments