بارشوں سے سڑکیں خراب، شہریوں کو مشکلات

بارشوں سے سڑکیں خراب، شہریوں کو مشکلات

بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث معمول کی آمدورفت بھی دشوار ہوچکی، حادثات معمول ،منصوبوں کے معیار کا جائزہ لینا ضروری ، کروڑوں کا نقصان ہو رہا: شہری

سرگودھا (سٹاف رپورٹر )حالیہ بارشوں نے شہر کی اہم شاہراہوں کی خستہ حالی مزید عیاں کردی ہے ۔ جگہ جگہ گہرے گڑھے پڑنے اور سڑکوں کے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ سڑکوں کی قبل از وقت تباہی نے سرکاری خزانے سے ہونے والے کروڑوں روپے کے اخراجات پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔گل والا، نیو ملت پارک، مجاہد کالونی روڈ، رحمان پورہ روڈ، ملت آباد روڈ، مقام حیات روڈ، ریلوے روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہوں کی حالت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان مصروف شاہراہوں سے روزانہ ہزاروں افراد سفر کرتے ہیں، تاہم سڑکوں کی بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث معمول کی آمدورفت بھی دشوار ہوچکی ہے ۔خصوصاً موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو سڑکوں پر موجود گہرے گڑھوں سے بچنے کے لیے اچانک سمت تبدیل کرنا پڑتی ہے ، جس سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔تشویشناک امر یہ ہے کہ متعدد سڑکوں کی تعمیر و مرمت کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا، تاہم وہ اپنی متوقع مدت پوری ہونے سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔

شہری حلقوں کے مطابق سڑکوں کے اتنی جلد خراب ہونے کی وجوہات کا جائزہ لینا ضروری ہے ۔ اگر ناقص میٹریل کے استعمال یا تعمیراتی معیار پر سمجھوتے کی وجہ سے سڑکیں تباہ ہورہی ہیں تو اس کا براہِ راست بوجھ قومی خزانے پر پڑتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی سڑک کی بار بار تعمیر و مرمت پر سرکاری فنڈز خرچ کرنے کے بجائے منصوبوں کے معیار، استعمال ہونے والے میٹریل اور تعمیراتی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جانا چاہیے تاکہ سڑکیں چند بارشوں کے بعد دوبارہ تباہ نہ ہوں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ تعمیراتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں کا فوری سروے کرایا جائے ، خطرناک گڑھوں کو ترجیحی بنیادوں پر پُر کیا جائے اور حالیہ عرصے میں تعمیر یا مرمت ہونے والی سڑکوں کے معیار کی بھی جامع جانچ کرائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...