ٹیکس چوری شدہ سگریٹس کی بڑی کھیپ تلف کر دی گئی
ٹیکس چوری شدہ سگریٹس کی بڑی کھیپ تلف کر دی گئی 4 ہزار کارٹن شامل تھے ، جن میں مجموعی طور پر 4 کروڑ سگریٹ اسٹکس موجود تھیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں ایف بی آر اور ریجنل ٹیکس آفس کی جانب سے غیر قانونی اور ٹیکس چوری شدہ سگریٹس کی بڑی کھیپ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تلف کر دی گئی۔ تلف کی جانے والی کھیپ میں تقریباً 4 ہزار کارٹن شامل تھے ، جن میں مجموعی طور پر 4 کروڑ سگریٹ اسٹکس موجود تھیں۔حکام کے مطابق غیر قانونی سگریٹس کی تخمینی مالیت 9 کروڑ 48 لاکھ روپے ہے ، جبکہ ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی مد میں 25 کروڑ 54 لاکھ روپے کی ٹیکس چوری کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔
ڈیوٹی اور ٹیکس سمیت مذکورہ کھیپ کی مجموعی تخمینی مالیت 35 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے ۔اس موقع پر چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس سرگودھا نورین یعقوب، کمشنر ان لینڈ ریونیو سید مناف، کمشنر ان لینڈ ریونیو محمد جواد سمیت دیگر افسران و اہلکار موجود تھے ، جبکہ سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔چیف کمشنر نورین یعقوب نے کہا کہ غیر قانونی تجارت، اسمگلنگ اور ٹیکس چوری کے خلاف ایف بی آر اور ان لینڈ ریونیو سروس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ غیر قانونی سگریٹس کی تجارت سے قومی خزانے کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ قانونی کاروبار کرنے والوں کے لیے غیر منصفانہ مسابقت پیدا ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔ انہوں نے غیر قانونی کھیپ کی ضبطگی، قانونی کارروائی اور تلفی کے عمل میں حصہ لینے والے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments