اوور سیز پاکستانیوں کی 2 ہزار 890 شکایات زیرالتوا

اوور سیز پاکستانیوں کی  2 ہزار 890 شکایات زیرالتوا

خصوصی کمیٹیوں کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار ،تمام ڈپٹی کمشنرز کو اجلاس ہر پندرہ روز بعد لازمی منعقد کرنے اور زیرِ التوا شکایات کے فوری ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت طویل عرصے سے زیرِ التوا جائیدادوں، غیر قانونی قبضوں، وراثتی تنازعات، جعلی انتقالات، تجاوزات کو ترجیحی بنیادوں پر نہ نمٹانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا، انتظامیہ

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی 2 ہزار 890 شکایات اور درخواستیں زیرِ التوا ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، جس پر پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن نے ان درخواستوں کے ٹائم فریم میں حل کیلئے ضلع سطح پر قائم کی گئی خصوصی کمیٹیوں کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی اوورسیز پاکستانی کمیٹیوں کے اجلاس ہر پندرہ روز بعد لازمی منعقد کرنے اور زیرِ التوا شکایات کے فوری ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے ،کمیشن نے واضح کیا ہے کہ طویل عرصے سے زیرِ التوا جائیدادوں، غیر قانونی قبضوں، وراثتی تنازعات، جعلی انتقالات، تجاوزات اور دیگر معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نہ نمٹانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سرگودھا سمیت متعدد اضلاع میں ڈی اوپی سیز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد نہ ہونے کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات طویل عرصے تک زیرِ التوا رہتی ہیں، جس سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی جائیدادوں اور دیگر اثاثوں کے معاملات میں مشکلات کا سامنا ہے ،ہدایت نامے میں ڈویژنل سطح پر زیر التواء شکایات کی تفصیلات ارسال کی گئی ہیں جن کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں 188درخواستیں التواء کا شکار ہیں جس پر ڈی سیز سے کہا گیا ہے کہ ہر پندرہ روز بعد ہونے والے DOPC اجلاس میں DPO یا BS-17 سے کم نہ ہونے والا نامزد پولیس افسر لازماً شرکت کرے گا تاکہ پولیس کارروائی کے متقاضی معاملات میں فوری پیش رفت ہوسکے ۔ غیر قانونی قبضے ، جبری بے دخلی، جعلی انتقالات، محصولات کے تنازعات اور بین المحکماتی نوعیت کے کیسز کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے کمیشن نے ہر اجلاس کے فوراً بعد کارروائی کی نقول کے ساتھ ایکشن ٹیکن رپورٹ (ATR) بھی پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن کو ارسال کرنے کا حکم دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...