پلاٹ پر قبضے کی کوشش، خاتون پر تشدد کا الزام، مقدمہ درج
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)جھاوریاں کے نواحی علاقے میں پلاٹ پر مبینہ ناجائز قبضے کی کوشش کے دوران خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے اور کپڑے پھاڑنے کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔پولیس کے مطابق کالرہ کی رہائشی پروین اختر نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ موضع کالرہ میں اس کا چار دیواری پر مشتمل پلاٹ واقع ہے ۔ 20 اگست کو شام تقریباً 6 بجے اس کا کزن محمد قاسم ولد محمد یوسف مبینہ طور پر ناجائز قبضے کی نیت سے پلاٹ میں مٹی ڈلوا رہا تھا۔
خاتون کے مطابق اس نے اسے منع کیا تو مبینہ ملزم نے اسے بالوں سے پکڑ کر زمین پر گرا دیا اور لاتوں، گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس کے پہنے ہوئے کپڑے بھی پھاڑ دیے ۔پروین اختر کے شور و پکار پر محمد حسن اور ذوالفقار حسین ولد محمد یوسف موقع پر پہنچے اور مبینہ ملزم کی منت سماجت کرکے اسے چھڑوایا۔متاثرہ خاتون نے پولیس سے ناجائز قبضے کی کوشش، تشدد اور عزت و عفت مجروح کرنے کے الزام میں ملزم کے خلاف قانونی کارروائی اور داد رسی کی استدعا کی، جس پر تھانہ جھاوریاں پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments