دریائے جہلم کے کٹاؤ سے جوڑا کلاں کی زرعی اراضی کو خطرہ
دریائے جہلم کے کٹاؤ سے جوڑا کلاں کی زرعی اراضی کو خطرہوفاقی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات انجینئر گل اصغر بگھور کا دورہ ،صورتحل کا جائزہ لیا
خوشاب (نمائندہ دنیا) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات انجینئر گل اصغر بگھور نے دریائے جہلم کے کٹاؤ سے متاثرہ کدھی کے گاؤں جوڑا کلاں کا دورہ کیا اور دریا کے کنارے پہنچ کر مقامی مکینوں کے ہمراہ کٹاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اہل علاقہ نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کو بتایا کہ دریائے جہلم کے مسلسل کٹاؤ کے باعث جوڑا کلاں اور اس سے ملحقہ قیمتی زرعی اراضی شدید خطرے سے دوچار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کٹاؤ کے باعث نہ صرف مقامی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ آبادی کے لیے بھی خطرات بڑھ رہے ہیں، اس لیے مسئلے کا پائیدار حل ناگزیر ہے ۔مکینوں نے مزید بتایا کہ جوڑا کلاں کو دیگر علاقوں سے ملانے والی رابطہ سڑکیں اور قصبے کی اندرونی سڑکیں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں، جس سے آمدورفت کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔
انہوں نے سڑکوں کی فوری مرمت و بحالی کا مطالبہ کیا۔اہل علاقہ نے گاؤں میں سیوریج کے مناسب انتظام نہ ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ گندگی کے باعث بیماریوں کے پھیلاؤ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے جدید سیوریج نظام کی فراہمی اور صفائی کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا۔انجینئر گل اصغر بگھور نے اہل علاقہ کو یقین دہانی کرائی کہ جوڑا کلاں کو دریائے جہلم کے کٹاؤ سے محفوظ بنانے اور مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments