ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی ٹیچنگ ہسپتال سے منسلک
ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی ٹیچنگ ہسپتال سے منسلک 260آسامیوں پر مشتمل ایس این ای کی منظوری بھی دی جا چکی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی کے قیام، انتظامی امور اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کو اٹیچڈ ٹیچنگ ہسپتال کے طور پر فعال کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی کو باقاعدہ میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا درجہ دیے جانے کے بعد ادارے کے انتظامی، قانونی اور تدریسی امور میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کو میڈیکل کالج کے ساتھ بطور اٹیچڈ ٹیچنگ ہسپتال منسلک کر دیا گیا ہے ، جس سے میڈیکل طلبہ کو عملی تربیت اور تدریسی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی کالج کے پرنسپل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی پہلے ہی عمل میں لائی جا چکی ہے ، جبکہ کالج کے لیے 260 آسامیوں پر مشتمل ایس این ای کی منظوری بھی دی جا چکی ہے ۔اجلاس میں کالج کے لیے منظور شدہ آسامیوں پر بھرتی کے عمل، تدریسی و انتظامی عملے کی فراہمی، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تدریسی سہولیات، انفراسٹرکچر اور دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے منصوبے کو عملی طور پر فعال بنانے کے لیے درکار اقدامات اور ٹائم لائن پر بھی غور کیا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کالج اور منسلک ڈی ایچ کیو ہسپتال کے انتظامی امور کی نگرانی کے لیے ایڈمنسٹریشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، جو باقاعدہ بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام اور فعال ہونے تک متعلقہ انتظامی ذمہ داریاں انجام دے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments