اوپن ڈور پالیسی،کھلی کچہری، شہریوں کی 236 درخواستیں
اوپن ڈور پالیسی،کھلی کچہری، شہریوں کی 236 درخواستیںمسائل کا بروقت ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل :ڈی سی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو براہِ راست ریلیف کی فراہمی، کرپشن کے خلاف مؤثر کارروائی اور شہریوں و انتظامیہ کے درمیان فاصلہ کم کرنے کے لیے میونسپل کارپوریشن ہال میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خالد مسعود فروکہ نے شہریوں کی درخواستیں سنیں اور ان کے مسائل و شکایات کا براہِ راست جائزہ لیا۔ اس دوران شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 236 درخواستیں پیش کی گئیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، ستھرا پنجاب، واسا، کالجز، پی ایچ اے ، ایف ڈی اے سمیت دیگر محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف کی فراہمی اور مسائل کا بروقت ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو براہِ راست افسران تک رسائی فراہم کرنا اور شکایات کے حل کے لیے مؤثر فورم مہیا کرنا ہے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں پر میرٹ، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر کارروائی یقینی بنائی جائے جبکہ شہریوں کو ان کی درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت یا غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے پولیس سے متعلق شہریوں کی درخواستیں اور شکایات سنیں،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خالد مسعود فروکہ نے بھی کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر متعلقہ معاملات سے متعلق شہریوں کی درخواستیں سنیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments