پراپرٹی واراضی تنازعت کیسز کی شفاف سکروٹنی یقینی بنانے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کا کیسز میں پیشر فت کا جائزہ، سکروٹنی اورمیرٹ پر سفارشات مرتب، ٹربیونل کوکیسزمزید کارروائی کیلئے ارسال،قلعہ کہنہ و حسین آگاہی روڈکی اپ گریڈیشن مکمل کرنیکی ہدایت
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ شہریوں کے ملکیتی حقوق کا تحفظ ریاست کی پہلی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت زمینی تنازعات کے فوری حل اور شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ ملتان عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراپرٹی ٹربیونل کی سکروٹنی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر، پولیس حکام، ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شہریوں کی جانب سے دائر مختلف پراپرٹی اور زمینی تنازعات سے متعلق کیسز کا جائزہ لیا گیا۔
فریقین کے دلائل سنے گئے اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں کیسز کا میرٹ پر جائزہ لے کر سفارشات مرتب کی گئیں، جنہیں مزید کارروائی کے لیے پراپرٹی ٹربیونل کو ارسال کردیا گیا۔پولیس حکام، ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف نے مختلف کیسز سے متعلق موقع پر تیار کردہ رپورٹس بھی پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ شہریوں کے ملکیتی حقوق کا تحفظ اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیسز کی شفاف اور میرٹ پر سکروٹنی یقینی بنائی جائے جبکہ متعلقہ افسران شہریوں کی درخواستوں پر فوری شنوائی کرتے ہوئے حقائق اور دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر رپورٹس مرتب کریں تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت ریلیف کی فراہمی ممکن ہوسکے ۔
دریں اثنائڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے قلعہ کہنہ اور حسین آگاہی روڈ اپ گریڈیشن منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی رفتار، معیار اور مقررہ مدت کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ قلعہ کہنہ، حسین آگاہی روڈ اور بازار کی اپ گریڈیشن و بیوٹیفکیشن کے کام تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی قلعہ کہنہ اور حسین آگاہی جیسے اہم مقامات کی تزئین و آرائش سے ملتان کی تاریخی شناخت مزید اجاگر ہوگی جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو بھی بہتر ماحول میسر آئے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حسین آگاہی روڈ و بازار کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن کا کام دن رات جاری ہے اور چند روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کا سول ورک رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کا بھی حکم دیا تاکہ عوامی سہولت کے منصوبے بروقت مکمل کرکے شہریوں کو ان کے ثمرات فراہم کیے جاسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments