خواندگی پروگرام مکمل کرنے والے 44 اسیران طلبہ میں اسناد تقسیم
تعلیم اسیران کی اصلاح کامفید شہری بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ،سعید اﷲ گوندل
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل لیٹریسی ڈے کے حوالے سے ڈی آئی جی پریزنز سرگودھا ریجن سعید اﷲ گوندل نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں خواندگی پروگرام مکمل کرنے والے 44 اسیران طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ 34 اسیران نے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ جبکہ 10 نے نان فارمل بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کی، اس موقع پر سعید اﷲ گوندل نے کہا کہ تعلیم اسیران کی اصلاح، بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، محکمہ پریزن پنجاب جیلوں میں بنیادی تعلیم، فنی تربیت اور دیگر اصلاحی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اسیران طلبہ کی تعلیمی کامیابی کو سراہتے ہوئے علم کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔
بعد ازاں ڈی آئی جی پریزنز نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں انٹرنیشنل لیٹریسی ڈے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ جہاں تعلیم و خواندگی کے فروغ اور معاشرتی ترقی میں علم کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد عزیر الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی مہر عمر دراز جھاوری، ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن سید علی عابد نقوی، ڈائریکٹر ایلمنٹری سکول ایجوکیشن چوہدری محمد یار تلہ، ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی، این سی ایچ ڈی افسران، یونیورسٹی فیکلٹی، طلبہ و طالبات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی،مہمان خصوصی سعید اﷲ گوندل نے کہا کہ تعلیم اور خواندگی ملکی ترقی و خوشحالی کی بنیادی ضمانت ہیں۔ بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے ، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور عوام میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے تمام اداروں کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments