سرگودھا ڈسٹرکٹ جیل میں گنجائش سے دو گنا سے زائد قیدی
سزائے موت کے 97 مجرم بھی پابند سلاسل ہیں:سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل 18 سال تک کے 26 جبکہ 18 سے 22 سال تک کے 33 اسیران:خان وحید خان
سرگودھا (سٹاف رپورٹر ) ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں گنجائش سے دوگنے سے زائد اسیران پابند سلاسل ہیں، 730 افراد کی گنجائش والی جیل میں قیدیوں اور حوالاتیوں کی مجموعی تعداد 1645 تک پہنچ گئی ہے ، جن میں 97 سزائے موت کے قیدی بھی شامل ہیں۔سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل خان وحید خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جیل میں اس وقت 1132 حوالاتی اور 418 قیدی موجود ہیں جبکہ سزائے موت کے 97 مجرم بھی پابند سلاسل ہیں۔ اس کے علاوہ فارن ایکٹ کے تحت دو افغان شہری بھی جیل میں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 18 سال تک عمر کے 26 جبکہ 18 سے 22 سال تک کے 33 اسیران ہیں، جبکہ خواتین قیدیوں اور حوالاتیوں کی تعداد 21 ہے ۔سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق جیل میں صاف پینے کے پانی کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے اور اسیران کو پینے سمیت دیگر ضروریات کے لیے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ جیل ہسپتال کو اپ گریڈ جبکہ کچن کو ازسرنو تعمیر کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اسیران کو ضروری اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لیے سی ایم ویلفیئر سٹور بھی قائم کیا گیا ہے ، ملاقاتیوں اور اسیران کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنے کے مقصد سے جیل میں نیا ملاحظہ پارک بھی تعمیر کیا جا رہا ہے ، خان وحید خان کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی ہدایت پر ایک سیاسی جماعت کے 69 کارکن بھی ایک ماہ کے لیے نظر بند ہیں۔ جیل میں اسیران کی تعلیم، فنی تربیت اور دینی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments