اساتذہ کے عالمی دن پرہیرو ٹیچر ایوارڈ تقریب کا انعقاد
اساتذہ کے عالمی دن پرہیرو ٹیچر ایوارڈ تقریب کا انعقاد سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے اعزاز میں بھی جلد تقریب منعقد کی جائے گی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سی ای او ایجوکیشن سہیل اختر نے ٹیچرز ڈے کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت ہیرو ٹیچر ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور مقررہ معیار کے تحت سرگودھا کی ساتوں تحصیلوں سے ہر تحصیل کے 20،20 بہترین اساتذہ کا انتخاب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد اساتذہ کو صرف ان کی ذمہ داریاں پوری کرنے پر نہیں بلکہ نمایاں کارکردگی پر انعام اور اعزاز سے نوازنا بھی ہے تاکہ تعلیمی میدان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہو۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں سو فیصد یا اس سے زائد نتائج دینے والے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے اعزاز میں بھی جلد تقریب منعقد کی جائے گی۔ سی ای او ایجوکیشن نے مزید بتایا کہ نصاب میں تبدیلی کا عمل جاری ہے اور نئے تعلیمی سیشن سے نئے نصاب کے مطابق تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سزا و جزا کا نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے ، جس کے تحت نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو پرفارمنس بیسڈ ایوارڈز اور دیگر انعامات دیے جائیں گے جبکہ ناقص کارکردگی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکولوں کی مجموعی کارکردگی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک نئی اہم اصلاح بھی متعارف کرائی جا رہی ہے ، جس کے مثبت نتائج مرتب ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments