10کلو آٹے کے تھیلوں کی خریداری کیلئے دکانداروں کو مشکلات

 10کلو آٹے کے تھیلوں کی خریداری کیلئے دکانداروں کو مشکلات

10کلو آٹے کے تھیلوں کی خریداری کیلئے دکانداروں کو مشکلات سکیم کا آٹا حاصل کرنے کیلئے ضرورت سے زائد سفید آٹا خریدنا پڑ رہا ،ملز مالکان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومتی سکیم کے تحت 10 کلو آٹے کے تھیلوں کی خریداری کے لیے دکانداروں کو مشکلات کا سامنا ہے ، ملز مالکان کی جانب سے 10 کلو حکومتی سکیم کے آٹے کے تھیلے کے حصول کے لیے 15 کلو سفید آٹے کا بیگ خریدنے کی شرط عائد کیے جانے کا معاملہ محنت کش اور متوسط طبقے کیلئے باعث تشویش بن کر رہ گیا ہے دکانداروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ شرط کے باعث انہیں حکومتی سکیم کا آٹا حاصل کرنے کے لیے ضرورت سے زائد سفید آٹا خریدنا پڑ رہا ہے ، جس سے کاروباری اخراجات میں اضافہ اور غیرضروری مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔

تاجروں کے مطابق اس صورتحال کا اثر صرف دکانداروں تک محدود نہیں بلکہ کم آمدنی والے محنت کش اور متوسط طبقے کے خاندان بھی متاثر ہو رہے ہیں، کیونکہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی گھر کا بجٹ محدود ہوچکا ہے اور آٹے سمیت روزمرہ اشیائے خورونوش کی خریداری مشکل ہوتی جا رہی ہے ۔ محنت کش طبقے کا کہنا ہے کہ محدود آمدنی میں بچوں کی خوراک، بجلی و گیس کے بل، کرایہ اور دیگر گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہے ، ایسے میں سستے آٹے کی حکومتی سہولت ہی ان کے لیے کسی حد تک ریلیف کا ذریعہ بنتی ہے ، لیکن اگر اس سکیم کے آٹے کی فراہمی کے لیے اضافی اور مہنگا سفید آٹا بھی خریدنا پڑے تو اس کا فائدہ براہِ راست مستحق خاندانوں تک پہنچنا مشکل ہو جائے گا۔ متوسط طبقے کے شہریوں نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اضافی خریداری کا بوجھ بالآخر آٹے کی قیمت اور دیگر گھریلو اخراجات میں اضافے کی صورت میں صارفین کو منتقل ہوسکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...