حکومت ایل پی جی مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کرے :محبوب الزماں
حکومت ایل پی جی مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کرے :محبوب الزماں صوبائی حکومت کی کارکردگی اشتہارات اور ٹک ٹاک تک محدود ہو کر رہ گئی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی فیصل آباد کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ اور جنرل سیکرٹری چوہدری محمد سلیم نے ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ اور قیمتوں میں خودساختہ ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی مافیا مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانے نرخ وصول کر رہا ہے اور دن دہاڑے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہا ہے ، جبکہ صوبائی حکومت کی کارکردگی اشتہارات اور ٹک ٹاک تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں، جبکہ وزیراعلیٰ کی تشہیر پر قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے ۔ بلند بانگ دعوؤں اور میڈیا مہم کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے ، جبکہ بنیادی ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں پر قابو پانے میں حکومتی اقدامات ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ ایل پی جی کی کھلے عام بلیک مارکیٹنگ اور ناجائز منافع خوری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔
مافیا سرکاری نرخوں کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کر رہا ہے ۔ یہ صورتِ حال نہ صرف حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے بلکہ غریب عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی بھی ہے ۔ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے غریب اور متوسط طبقے کو بنیادی ضرورت کے حصول کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جبکہ حکومتی دعوے محض بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی خاموشی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی ہر گھر کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے ، لیکن ذخیرہ اندوز عناصر مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتیں بڑھا رہے ہیں، جس کے باعث عوام مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ایل پی جی مافیا کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments