اہم تجارتی مراکز میں ٹریفک جام معمول ، شہری پریشان
اہم تجارتی مراکز میں ٹریفک جام معمول ، شہری پریشانٹریفک پولیس سڑکوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے بجائے چالان کرنے پر مرکوز
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے میں مبینہ ناکامی کے باعث اہم تجارتی مراکز میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے ، جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان کرنے پر زیادہ توجہ دینے کے باوجود سڑکوں پر بے ہنگم پارکنگ اور ٹریفک کی بدنظمی شہریوں کے لیے عذاب بن چکی ہے ۔شہریوں کے مطابق آن لائن چالان کا نظام متعارف ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس اہلکاروں کی توجہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے ، غلط پارکنگ کی روک تھام اور سڑکوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے بجائے چالان کرنے پر مرکوز دکھائی دیتی ہے ۔ بعض شہریوں کی جانب سے اہلکاروں پر چالانوں کے ذریعے مبینہ کمیشن حاصل کرنے کے لیے کارروائیوں کو ترجیح دینے کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
شہر کے مصروف ترین تجارتی مراکز کچہری بازار، امین بازار، میاں خان روڈ، سٹی روڈ، فیصل بازار اور اردو بازار میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بے ترتیب پارکنگ کے باعث سڑکوں کی گنجائش محدود ہو کر رہ گئی ہے ۔ اس صورتحال میں بازار سکڑتے محسوس ہوتے ہیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔خریداری کے لیے آنے والے شہریوں، تاجروں، دکانداروں اور راہگیروں کو روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں کاروباری سرگرمیوں اور شہریوں کی آمدورفت میں بھی رکاوٹ بن رہی ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے ، مصروف بازاروں میں مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کا نظام متعارف کروایا جائے ، پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات مختص کیے جائیں اور غلط پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اس کے علاوہ اہلکاروں پر عائد مبینہ کمیشن کے الزامات کی شفاف انکوائری بھی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو روزانہ کی ٹریفک اذیت سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments