پشاور: جائیداد تنازع پر مبینہ فائرنگ سے شہری کی ہلاکت پر لواحقین کا احتجاج

کرائم

پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق شہری کے لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا، ورثا نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے جائیداد کے تنازع میں فائرنگ سے قتل کے باوجود نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

پشاور کے علاقے ہزار خوانی میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق شہری کے لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مقتول کو جائیداد کے تنازع پر ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا لیکن پولیس نے نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

لواحقین کے مطابق پولیس انصاف کے تقاضے پورے نہیں کر رہی، پولیس حکام کے مطابق مقتول کی لاش 6 گھنٹے قبل ملی تھی جس کی شناخت نہ ہونے پر نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے لواحقین کو مکمل قانونی کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں